ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جے ڈی ایس پر کی جارہی نکتہ چینیوں پر دیوے گوڈا، راہول گاندھی اور سدرامیا پر سخت ناراض

جے ڈی ایس پر کی جارہی نکتہ چینیوں پر دیوے گوڈا، راہول گاندھی اور سدرامیا پر سخت ناراض

Tue, 27 Mar 2018 00:30:08    S.O. News Service

بنگلورو۔26؍مارچ(ایس او نیوز) سابق وزیراعظم اور جنتادل (ایس) کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڈا نے وزیر اعلیٰ سدرامیا کی طرف سے جنتادل (ایس) پر کی جارہی نکتہ چینیوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنتا دل (ایس) کو موقع پرست سیاسی جماعت قرار دینے والے سدرامیا کبھی اسی سیاسی جماعت کا حصہ تھے۔ آج بھی کانگریس کے ایک بہت بڑے طبقے نے سدرامیا کو اپنا لیڈر تسلیم نہیں کیا ہے۔ دیوے گوڈا نے صدر کانگریس راہول گاندھی کے اس تبصرے پر کہ ’’جنتادل میں ایس کا مطلب سنگھ پریوار ہے ‘‘۔ سخت اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ راہول گاندھی سیاسی میدان میں ابھی طفل چوں چوں ہیں، انہیں بہت کچھ سیکھنا باقی ہے، اسی لئے کسی بھی سیاسی جماعت پر تبصرہ کرنے سے پہلے وہ محتاط رہیں۔ انہوں نے کہاکہ راہول گاندھی اپنی پارٹی کے صدر یا اعلیٰ کمان ہوسکتے ہیں ، ضروری نہیں کہ ان کی بات کو دوسری جماعتوں کے لوگ بھی تسلیم کرلیں۔ راہول گاندھی کے بیانات پر اپنے غصے کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہاکہ راہول گاندھی کو کیا پتہ کہ دیوے گوڈا کون ہیں؟۔ ریاست میں جب بھی دورے پر آئیں جنتادل (ایس) اور اس کی قیادت کے متعلق احتیاط برتیں،ورنہ نتیجہ ٹھیک نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں راہول گاندھی جس کانگریس پارٹی کیلئے انتخابی مہم چلارہے ہیں اس کا تعلق اندرا گاندھی اور سونیا گاندھی کی کانگریس سے بالکل نہیں ہے، بلکہ کرناٹک کی کانگریس پر سدرامیا کا قبضہ ہوچکا ہے۔ راہول گاندھی اس بات کو سمجھ نہیں پارہے ہیں ، انہیں اسی وقت یہ بات سمجھ میں آئے گی جب سدرامیا کرناٹک میں کانگریس کو لے ڈوبیں گے۔جنتادل (ایس) پر کرپشن کے الزامات پر بھی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے دیوے گوڈا نے راہول گاندھی کو چیلنج کیا کہ ان پر ایک بھی کرپشن کا الزام ثابت کرکے دکھادیں ۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا کو کرپشن کا پلندہ قرار دیتے ہوئے دیوے گوڈا نے کہاکہ راہول گاندھی پہلے اپنی پارٹی کے لیڈروں پر توجہ دیں۔ ڈی کے شیوکمار جیسے لیڈروں کو ساتھ رکھ کر راہول گاندھی کو کرپشن کی باتیں کرنا زیب نہیں دیتا۔ ریاست کا بار بار دورہ کرنے راہول گاندھی کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے دیوے گوڈا نے کہاکہ راہول گاندھی کیلئے اب صرف کرناٹک ہی بچا ہے اور اسے بچانے کیلئے وہ جتنی بار چاہیں کرناٹک کا دورہ کریں۔ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں حصہ نہ لینے کا ارادہ دہراتے ہوئے دیوے گوڈا نے کہاکہ ان کی صحت نے جواب دے دیا ہے ،اگر صحت مند ہوئے تو کوشش کریں گے۔ آنے والے اسمبلی انتخابات میں جنتادل (ایس) کو اکثریت نہ ملنے کی صورت میں پارٹی کیا موقف اپنائے گی اس سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم نے کہاکہ جنتادل (ایس) اپوزیشن میں بیٹھنے کیلئے تیار ہے۔ سی ووٹر کے سروے میں اگلے انتخابات میں کانگریس کو واضح اکثریت ملنے کا اشارہ دئے جانے پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے دیو ے گوڈا نے کہاکہ انہوں نے کبھی کسی انتخابی سروے پر تبصرہ نہیں کیا ہے۔


Share: